امریکی فوجی طیارے کے لینڈنگ گیئر سے انسانی اعضاءملنے کا انکشاف

1,288

کابل: پیر کے روز کابل ائیرپورٹ پر امریکی فوج کے طیارے کی اڑان بھرنے اور افغان شہریوں کے اس کیساتھ لٹکنے اور پھر تین شہریوں کے گر کر مرنے کی ویڈیوز سامنے آئیں تو سو شل میڈیا پریہ جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئیں اور طرح طرح کے تبصرے ہونے لگے۔ 
اب غیر ملکی خبر رساں ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ طیارے کا لینڈنگ گیئر بند نہ ہوا جس پر امریکہ جانے کے بجائے اسے ایک تیسرے ملک میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی اور اس کے بعد عملے نے جب لینڈنگ گیئر کی جگہ کا معائنہ کیا تو وہاں انسانی اعضاءملے جو یقینا ان افراد کے تھے جنہوں نے طیارے کیساتھ لٹکنے کی کوشش کی مگر بالآخر وہ زمین پر آ گرے۔ 
گزشتہ روز ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں امریکی فوج کا طیارہ کابل ائیرپورٹ کے رن وے پر ٹیکسی کر رہا تھا اور کچھ افغان شہری کیساتھ بھاگ رہے تھے اور اس پر چڑھنے کی کوشش کر رہے تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے طیارے نے اڑان بھر لی۔ بعد ازاں ایک اور ویڈیو سامنے آئی جس میں 2 لوگوں کو مذکورہ طیارے سے گرتے ہوئے دیکھا گیا۔ 
ایک امریکی اخبار نے نام ظاہر کئے بغیر ایک عہدیدار کی جانب سے بتایا ہے کہ یہ واقعہ بالکل پیش آیا اور طیارے سے گرنے والے دونوں افراد افغان شہری تھے جو اس وقت طیارے کے لینڈنگ گیئر پر چڑھنے میں کامیاب ہو گئے جب وہ اڑان بھر رہا تھا۔ 
امریکی اخبار کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ طیارے کے لینڈنگ گیئر بند نہ ہونے پر پائلٹ نے دوران پرواز ایمرجنسی کا اعلان کیا اور ایک تیسرے ملک میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی جہاں عملے نے لینڈنگ گیئرز کو چیک کیا تو وہاں انسانی اعضاءبھی ملے۔

تبصرے بند ہیں.