دوسرے روز کا کھیل ختم، ویسٹ انڈیز کے 8 وکٹوں پر 251 رنز، پاکستان کیخلاف 34 رنز کی برتری

146

کنگسٹن: ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک ویسٹ انڈیز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف 34 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
سبینا پارک کنگسٹن جمیکا میں کھیلے جا ررہے میچ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز کے کریگ بریتھ ویٹ اور روسٹن چیز نے 2 کے مجموعی سکور پر 2 کھلاڑی آﺅٹ سے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو 51 کے مجموعی سکور پر روسٹن چیز 21 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ 
کریگ بریتھ ویٹ اور جرمین بلیک ووڈ نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 49 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 100 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے یکے بعد دیگرے دو وکٹیں حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کیلئے مزید مشکلات پیدا کر دیں۔ پہلے جرمین بلیک ووڈ 22 کے انفرادی سکور پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر محمد عباس کے ہاتھوں کیچ ہو ئے اور پھر کریز پر نئے آنے والے بلے باز کائل مائرز شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 
کریگ بریتھ ویٹ اور جیسن ہولڈر نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 96 رنز قائم کر کے مجموعی سکور 196 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر جیسن ہولڈر فہیم اشرف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 108 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے۔ 
221 کے مجموعی سکور پر کریگ بریتھ ویٹ بھی ہمت ہار بیٹھے اور 221 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 97 رنز بنا کر حسن علی کے ہاتھوں رن آﺅٹ ہو گئے۔ دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے سے قبل ویسٹ انڈیز کے آﺅٹ ہونے والے آخری کھلاڑی کیمار روچ تھے جنہوں نے 21 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 13 رنز بنائے اور محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے اور یوں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم 87 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف 34 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ 
پاکستان کی جانب سے محمد عباس سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 21 اوورز میں 42 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور شاہین شاہ آفریدی نے 20 اوورز میں 59 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فہیم اشرف اور حسن علی ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کر سکے۔ 
قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ فواد عالم 56 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ فہیم اشرف 44، بابراعظم 30، محمد رضوان 23، اظہر علی 17، عمران بٹ 11، حسن علی 14، عمران بٹ 11 اور عابد علی 9 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ 

تبصرے بند ہیں.