کورونا وائرس، این سی او سی نے بھارت کو کیٹیگری سی سے نکال دیا

182

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بھارت کو عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی کیٹیگری سی سے نکال دیا ہے البتہ تمام کیٹیگریز کے ممالک سے آنے والے افراد پر کورونا ٹیسٹ کے پروٹوکول لاگو رہیں گے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس دوران پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد متعدد ممالک کو کیٹیگری سی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا 
این سی او سی کے اجلاس میں کورونا وباءکے پھیلاؤ کی شرح، روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے والے مریضوں اور کم ویکسین کی شرح کی بنیاد پر جن ممالک کو کیٹیگری سی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ان میں بھارت شامل نہیں ہے۔ 
جن ممالک کو کیٹیگری سی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ان میں بنگلہ دیش، ایکواڈور، گوئٹے مالا، انڈونیشیا، ایران، عراق، لیبیا، میکسیکو، مراکش، میانمار، نمیبیا، نیپال، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور تیونس شامل ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق تمام کیٹیگریز کے ممالک سے آنے والے افراد پر کورونا ٹیسٹوں کے پروٹوکول لاگو رہیں گے جبکہ مختصر دورانیہ کے ویزے پر کیٹیگری سی ممالک میں سفر کرنے والے پاکستانیوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر واپس سفر کی اجازت ہوگی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیٹیگری سی میں موجود ممالک کے علاوہ تمام ممالک کو کیٹیگری بی میں رکھا گیا ہے، نظر ثانی شدہ فہرست کو تمام تر متعلقہ پروٹوکولز کے ساتھ فوری نافذ العمل کر دیا گیا ہے جبکہ 15 ستمبر 2021ءکو اس پالیسی پر نظر ثانی کی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.