سیکیورٹی فورسز کی جنوبی وزیرستان میں کارروائی، ایک دہشت گرد ہلاک، نائیک شہید

148

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کی جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور پاک فوج کے نائیک ضیاءالدین شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار بھی کیا گیا جس نے فوجی چوکی پر حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا۔ 
آئی ایس پی آر کے مطابق اور 12 اگست کی رات جنوبی وزیرستان کے علاقے سراردغہ میں 3 سے 4 دہشت گردوں کی مشکوک سرگرمیوں کا نوٹس لیا اور دہشت گردوں نے کوئیک رسپانس فورس کے جوانوں پر فائرنگ کی۔
دہشت گردوں کی فائرنگ کے جواب میں کوئیک رسپانس فورس نے دہشت گردوں کاپیچھا کرتے ہوئے انہیں چیلنج کیا، پاک فوج کی بروقت کارروائی سے ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ پاک فوج کے نائیک ضیاءالدین شہید ہو گئے جن کا تعلق خیبرپختونخواہ کے شہر مردان سے ہے۔ 
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا کہ گرفتار دہشت گرد نے فوجی چوکی پر حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا ہے جبکہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.