’نواز شریف کو سفر سے منع کیا گیا ہے‘ سابق وزیراعظم کی تازہ ترین رپورٹس عدالت میں جمع کرا دی گئیں

145

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی ہیں۔ 
نواز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے 3 صفحات پر مشتمل میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی جس کے مطابق لندن میں ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر سے روک دیا ہے اور کہا ہے کہ نواز شریف کو کورونا وائرس کی وباءکے سبب عوامی مقامات پر جانے سے گریز کرنا چاہئے۔ 
سابق وزیراعظم کی میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، انہیں مزید احتیاط کی ضرورت ہے، نواز شریف کو لندن میں اپنی صحت گاہ کے قریب ہی رہنا چاہئے۔ 
لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف لندن میں زیر علاج ہیں جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ان کی صحت کے بارے میں آگاہ ہیں، لندن میں نواز شریف کا بہترین علاج ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے گزشتہ سال 8 نومبر کو وزارت داخلہ کو نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست دی اور12 نومبر کو وفاقی کابینہ نے نوازشریف کو باہر جانے کی مشروط اجازت دی۔
مسلم لیگ (ن) نے انڈیمنٹی بانڈ کی شرط لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی اور 16 نومبر کو لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی جس کے بعد 19 نومبر کو نواز شریف علاج کیلئے لندن چلے گئے اور اب تک وہیں پر قیام پذیر ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.