مظفر آباد: ذیشان اشرف نے کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) کی پہلی سنچری بنا دی اور دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 62 گیندوں پر ناقابل شکست 107 رنز کی اننگز کھیلی۔
مظفر آباد ٹائیگرز نے 196رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو تیمور سلطان 4 رنز بناکر ذیشان اشرف کا ساتھ چھوڑ گئے، صہیب مقصود بھی 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان محمد حفیظ کسی گیند کا سامنا کئے بغیر ہی رن آؤٹ ہو گئے لیکن ذیشان اشرف کی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کی بدولت ٹیم کے 100 رنز 10 ویں اوور میں مکمل ہو گئے۔
ایونٹ کی پہلی سنچری سکور کرنے والے ذیشان اشرف نے ہدف کا حصول 18.3اوورز میں ممکن بنا دیا،اوپنر 62 گیندوں پر 107 اور وسیم جونیئر 19 رنز پر ناقابل شکست رہے، عاکف جاوید نے 2 وکٹیں لیں۔
قبل ازیں پیر کی شب دوسرے میچ میں راولا کوٹ ہاکس نے مظفر آباد ٹائیگرز کو ایک رن سے مات دی، فاتح ٹیم نے حسین طلعت کے ناقابل شکست 69 اور احمد شہزاد کے 50 رنز کی مدد سے 7 وکٹ پر 175 رنز بنائے، وسیم جونیئر نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا، جواب میں مظفر آباد ٹائیگرز 7 وکٹ پر 174 رنز تک محدود رہے، محمد حفیظ نے44 اور ذیشان اشرف نے 38 رنز بنائے۔
تبصرے بند ہیں.