لاہور: وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اور عمران خان میں وہی فرق ہے جو کھوکھلے وعدوں اور انکی تکمیل میں ہے ۔
اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں نے عوام کو سستے بھاشن اور مہنگے منصوبوں کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ میگا منصوبوں نے ایک طرف خزانہ خالی کیا اور دوسری طرف ماحول کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔
انہوں نے کہا کہ میانوالی میں صاف پانی کے منصوبے اور اورنج ٹرین سے روزانہ تقریباً ڈھائی لاکھ لوگ مستفید ہوتے ہیں ۔ لیکن دونوں منصوبوں کی لاگت اور ترجیحات میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔ ایک منصوبہ کم خرچ بالا نشین ، دوسرا عوامی خزانے کو آئندہ بیس سال تک مقروض رکھے گا ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں صاف پانی کے 1500 پلانٹ لگائے جا رہے ہیں ۔ لاہور میں دنیا کے سب سے بڑے میاواکی جنگل کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کی ماحول دوست پالیسیوں کا ثبوت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات ، زر مبادلہ کے ذخائر اور ترسیلات زر سمیت ہر معاشی اشاریہ بہتری کی جانب گامزن ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کے منصوبوں کا مذاق اڑانے والے آئے روز نادم ہو رہے ہیں ۔
تبصرے بند ہیں.