کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اس وقت ڈالر ملک میں آنے کی نسبت زیادہ باہر جا رہے ہیں، ہمیں منی لانڈرنگ کو روکنا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جس تیز رفتاری سے پاکستان نےآگے بڑھنا تھا اس رفتار سے نہیں بڑھا، تاہم خوشی ہوئی کہ ہم ٹیکنالوجی کی فیلڈ میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو ایسا بنایا ہے کہ جتنی وہ کوشش کرتا ہے اس میں اتنی طاقت آتی ہے، بیساکھیوں پر چلنے والا اپنا سہارا کھو دیتا ہے۔ قومیں جب اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا فیصلہ کر لیتی ہیں تو اللہ تعالیٰ انہیں مضبوط بنا دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ نبی پاک ﷺ کی زندگی سے سیکھیں، جو انسان نبی پاک ﷺ کی سنت کی پیروی کرے گا وہ آگے بڑھے گا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنی صلاحیت پر اعتماد کے بجائے ہم امپورٹ لینڈ اکانومی بن چکے ہیں۔ پاکستان آج پھر سے کوشش کر رہا ہے کہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے۔ ہمیں ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے اپنے ملک کا پیسہ بچانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی قوت کو نہیں پہچانا، اپنی سروسز دوسروں کو دینے سے قیمتی زرمبادلہ بھی پاکستان آئے گا۔ اللہ کا کرم ہے کہ اب پاکستان صحیح راستے پر چل پڑا ہے، ملک کا خسارہ ریکارڈ پر تھا، معیشت اب آگے بڑھ رہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم سے ہم باہر سے ڈالر کما سکیں گے۔ ہمیں ان چیزوں پر توجہ دینی ہے جو باہر سے منگواتے ہیں وہ اپنے ملک میں پیدا کرنی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.