اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھارت کی جانب الزامات کی سخت الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا ہمسایہ خطے کے امن وامان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کسی دہشت گرد کے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کوئی مائی کا لال پاکستان کو سرحدوں سے نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انڈین وزیر داخلہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں دہشتگرد بھیجنے کا الزام غیر ذمہ دارانہ اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو پیش کریں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سے انڈیا کے بارے میں ہمارے خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں کہ وہ پاکستان کیلئے مسائل کھڑے کرنے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر اور اس کے والدین کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی شناختی کارڈز بنانے والے تمام افسران کو قومی ادارے سے نکال دیا جائے گا۔
محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں امن وعامہ برقرار رکھنے کیلئے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے فول پروف انتظامات کر دیئے گئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.