کرینہ کپور کے چھوٹے بیٹے کا اصلی نام آیا سامنے، خود اداکارہ نے کیا انکشاف

177

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور اور ان کے شوہر سیف علی خان کے مداحوں کا خیال تھا کہ ان کے چھوٹے بیٹے کا نام ”جیہ” ہے لیکن اب انکشاف ہوا ہے کہ تیمور علی خان کے چھوٹے بھائی کا اصل نام کچھ اور ہے۔

کرینہ کپور اور سیف علی خان کے پہلے بیٹے تیمور علی خان اپنی پیدائش سے ہی سرخیوں میں ہیں۔ جب جوڑے نے اپنے بڑے بیٹے کے نام کا اعلان کیا تو کافی تنازع پیدا ہو گیا تھا۔

تیمور لائم لائٹ میں بنے رہے ہیں لیکن یہ جوڑا اپنے دوسرے بیٹے کے ساتھ ایسا نہیں چاہتا تھا، اس لیے دونوں اپنے چھوٹے بیٹے کو میڈیا کی نظروں سے دور رکھا ہے۔

کرینہ کپور خان نے اس سال فروری میں اپنے دوسرے بیٹے کو جنم دیا تھا۔ کچھ عرصہ پہلے خبر آئی تھی کہ ان کے دوسرے بیٹے کا نام ”جیہ” ہے لیکن اب میڈیا رپورٹس میں اس کا نام کچھ اور سامنے آیا ہے۔

دراصل یہ انکشاف خود کرینہ نے کیا ہے۔ انہوں نے اپنی پہلی کتاب ‘کرینہ کپور خانس پریگنینسی بائبل’ میں اپنے دوسرے بیٹے کا نام جہانگیر بتایا ہے۔ کرینہ کپور نے اس کتاب کے آخری صفحات میں حمل اور اس کے بعد کی کچھ تصاویر دی ہیں۔ ان تصاویر میں اداکارہ نے اپنے دوسرے بیٹے کا نام ”جہانگیر” لکھا ہے۔

کتاب میں فینس کو ان کے دوسرے بیٹے کی جھلک بھی دیکھنے کو ملے گی۔ بتا دیں کہ کرینہ گزشتہ روز اپنی کتاب کا اجرا کرنے کے لیے انسٹاگرام پر لائیو آئی تھیں۔ کتاب کے اجرا کے موقع پر کرن جوہر ان کے ساتھ تھے۔

تبصرے بند ہیں.