لاہور: سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل کرکٹرز میچ فیس میں اضافے کے خواہاں ہیں اور اس حوالے سے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکرخان تک زبانی درخواست بھی پہنچا دی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جولائی میں سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا جس میں 20 کھلاڑیوں کو چار کیٹیگریز میں جگہ دی گئی، کیٹیگری اے میں بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں اور ان کی ماہانہ تنخواہ میں 25 فیصد اضافہ ہوا مگر ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 کی میچ فیس نہیں بڑھائی گئی۔
اس کے برعکس بی کیٹیگری کی ماہانہ تنخواہ بھی 25 فیصد بڑھائی گئی مگر اس کیساتھ ٹیسٹ میچ فیس میں 15، ون ڈے میں 20 اور ٹی 20 میچ فیس میں 25 فیصد اضافہ ہوا، اسی طرح سی کیٹیگری کی بھی ماہانہ تنخواہ میں 25 فیصد اضافے کیساتھ ساتھ ٹیسٹ میچ فیس 34 فیصد، ون ڈے 50 فیصد جبکہ ٹی 20 میچ فیس67 فیصد بڑھ گئی۔
ایمرجنگ کیٹیگری کی ماہانہ تنخواہ میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ٹیسٹ میچ فیس 34 فیصد، ون ڈے 50 اور ٹی 20 میچ فیس میں 67 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کے باعث تمام کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کی میچ فیس اب یکساں ہو چکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے کیٹیگری کے کرکٹرز میچ فیس نہ بڑھائے جانے پر خوش نہیں ہیں اور دبے الفاظ میں اس حوالے سے ناصرف احتجاج کیا بلکہ ایک سینئر کرکٹر نے ذاکر خان سے میچ فیس میں اضافے کی درخواست بھی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ سینئر کرکٹر کو میچ فیس میں اضافے سے متعلق کوئی یقین دہانی تو نہیں مل سکی مگر سینئر کرکٹرز کو یقین ہے کہ کرکٹ بورڈ میچ فیس میں اضافے سے متعلق جائز درخواست کو مسترد نہیں کرے گا۔
اس معاملے پر جب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے رابط کیا گیا تو ترجمان نے موقف اختیار کیا کہ کسی بھی کھلاڑی کو معاوضے میں اضافے کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں ہے۔
تبصرے بند ہیں.