عمان میں مقیم پاکستانیوں کیلئے پاسپورٹ گمشدگی کی صورت میں پولیس رپورٹ کی شرط ختم

206

مسقط: پاکستان کی حکومت نے عمان میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے پاسپورٹ کی گمشدگی کی صورت میں متبادل پاسپورٹ کے اجرا کیلئے پولیس رپورٹ کی شرط ختم کر دی ہے۔
سفارت خانے کے حکام کے مطابق عمان میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو پاسپورٹ گمشدگی کی صورت میں پولیس رپورٹ میں مشکلات کا سامنا تھا اور اس حوالے سے حکومت کو اقدامات تجویز کئے گئے تھے جس کے بعد یہ شرط ختم کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب اگر کسی پاکستانی کا پاسپورٹ گم ہو جائے تو وہ سفارت خانے کے نام ایک سادہ کاغذ پر درخواست دے کر دیگر ضروری دستاویزات لف کر سکتے ہیں اور ان دستاویزات کی بنیاد پر پاکستانی شہریوں کو نیا پاسپورٹ جاری کر دیا جائے گا۔
سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن عزیز کا گراں قدر اثاثہ ہیں، ان کو تمام قونصلر خدمات کی فراہمی سفارت خانے کا اولین نصب العین ہے، اس کے علاوہ بھی پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان میں پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ سے متعلق کسی بھی ملک میں مقیم پاکستانیوں کو جو مشکلات درپیش ہوں ، سفارت خانے ان مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے پالیسی میں تبدیلیاں تجویز کرتے ہیں۔
عمان میں پاکستانی سفارت خانے نے بتایا تھا کہ پاسپورٹ گمشدگی کیلئے پولیس رپورٹ میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد کو پریشانی کا سامنا ہے، اس لئے پالیسی ونگ نے سفارت خانے کی تجویز پر پولیس رپورٹ کی شرط ختم کر دی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں حکام کا کہنا تھا کہ کچھ دیگر ممالک میں بھی پولیس رپورٹ کی شرط ختم کرنے کی تجاویز آئی ہیں جن پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ اس سے پہلے بھی کچھ ممالک میں پاسپورٹ کے حوالے سے ریلیف کے اقدامات تجویز ہوئے جن پر عملدرآمد کیا گیا۔
حکام کے مطابق اس سے قبل سعودی عرب میں پاسپورٹ گمشدگی کیلئے اخبار میں اشتہار شائع کروانے کی پابندی تھی تاہم 2019ءمیں حکومت پاکستان نے پاکستانیوں کی سہولت کیلئے اس شرط کو ختم کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ مانتے ہوئے پاسپورٹ کی معیاد 10 سال کر دی گئی تھی جس سے پاسپورٹ کی تجدید کرانے والوں کی تعداد میں کمی آتی گئی اور اب سفارت خانوں میں رش تقریباً ختم ہو گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.