یو ایس ایڈ کی جانب سے 10 لاکھ کورونا رییڈ ٹیسٹ حکومت پاکستان کے حوالے

145

اسلام آباد: امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) نے کووڈ 19 اینٹیجن ریپڈ ڈائیگناسٹک ٹیسٹ (فوری تشخیص کے ٹیسٹ) حکومت پاکستان کے حوالے کر دیئے ہیں جو مرض کی موثر تشخیص میں مدد دیں گے اور ملک کو درپیش صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل بنائیں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے یہ ٹیسٹ وصول کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم یو ایس ایڈ کی طرف سے ریپڈ ٹیسٹ مہیا کرنے پر ان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی طرف سے یہ امداد دونوں ملکوں کے درمیان موجود گہرے دوستانہ تعلقات اور دو طرفہ تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔ اس موقع پر یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی کوئنن نے کہا کہ فوری تشخیص کے یہ ٹیسٹ کورونا کی سرویلنس اور تشخیص کے ذریعے پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں معاون ثابت ہونگے۔

2020ء میں کورونا وبا کے آغاز سے ہی امریکہ پاکستان سمیت دنیا کے 120 ممالک میں انسانی جانوں کے تحفظ اور کورونا وبا کو روکنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

یو ایس ایڈ کی طرف سے جاری امداد ایمرجنسی ریلیف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحت کے نظام کی مضبوطی، ویکسین کی تیاری میں معاون ثابت ہو رہی ہے اور اس سے عوامی صحت کو بہتر بنانے اور ہیلتھ ورکرز کے تحفظ اور انہیں سہولیات فراہم کر نے میں بھی مدد ملتی ہے۔

امریکی حکومت کی طرف سے کورونا امداد پیکج کے تحت پاکستان میں کورونا مریضوں کی بحالی کے لیے 200 وینٹی لیٹرز، صحت کے عملہ کے لیے ذاتی بچاؤ کے آلات، پلس آکسی میٹر کے علاوہ 4 کروڑ ڈالر سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

اس امداد کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر ملک بھر میں انسانی زندگیوں کو بچانے کے لیے علاج کی سہولیات اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے گئے ہیں۔

یو ایس ایڈ کی طرف سے GAVI COVAX الائنس کو کورونا ویکسین کی خریداری اور کم اور درمیانی آمدن والے ممالک میں تقسیم کرنے کے لیے 2 ارب ڈالر کی رقم فراہم کی گئی ہے اور اسی مقصد کے لیے 2022ء میں مزید 2 ارب ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

یہ رقم کوویکس کے نام سے جانی جاتی ہے جس کے تحت دنیا کی پسماندہ اور خطرے سے دوچار آبادیوں کو کورونا ویکسین کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے جبکہ اسی کے تحت فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو بھی کورونا سے بچاؤ کا سازوسامان مہیا کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کو کوویکس کے تحت امریکی ویکسین موڈرنا کی 55 لاکھ خوراکیں فراہم کی جا چکی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.