پاکستان میں کورونا وائرس مزید 86 زندگیاں نگل گیا

259

لاہور: پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر کے وار جاری ، مہلک وائرس ایک روز میں مزید 86 زندگیاں نِگل گیا جس کے بعد اموات کی تعداد 24 ہزار 4 ہوگئی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران 3 ہزار 884 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 49 ہزار 506 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ۔ پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 84 ہزار 427 ہوگئی ۔

این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 84 فیصد رہی ، متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 لاکھ ، 75 ہزار 504 ہوگئی ۔

واضح رہے کہ چینی سفیر نونگ رونگ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات میں بتایا کہ چین پاکستان کو کورونا کے خاتمے کیلئے مزید 10 کروڑ خوراکیں فراہم کرے گا ۔

ایوان صدر میں چینی سفیر نونگ رونگ نے صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی ، دوران ملاقات چینی سفیر نے آگاہ کیا کہ اُن کی حکومت پاکستان کو سال کے اختتام تک دس کروڑ ویکسین کی خوراکیں فراہم کرے گا ۔

ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا ۔ اس کے علاوہ ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔

اس موقع پر عارف علوی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے چین کی امداد کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔

تبصرے بند ہیں.