کوئٹہ: امن دشمنوں کی جانب سے کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر قائم ایک دکان پر دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو کی ٹیمیں دہشتگرد واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچیں۔ سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ امدادی ٹیموں نے ایمبیولینسوں کے ذریعے دھماکے میں زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دستی بم حملے میں طبی امداد کیلئے لایا گیا شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان بحق ہو گیا ہے۔
ادھر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشتگرد عناصر کی تلاش شروع کر دی ہے۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
گزشتہ روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے دو بم حملوں میں کم ازکم دو پولیس اہلکار ہلاک اور آٹھ اہلکاروں سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے۔
ان میں سے ایک دھماکہ شہر میں سکیورٹی کے حوالے سے ایک انتہائی اہم علاقے سرینا ہوٹل اور یونٹی چوک کے ساتھ ہوا جبکہ دوسرا دھماکہ سریاب روڈ پر دستی بم حملے کی وجہ سے ہوا۔
تبصرے بند ہیں.