قوم دعا کرے، انہیں مایوس نہیں کروں گا: ارشد ندیم

192

ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو (نیزہ بازی) کے مقابلوں کے فائنل میں پہنچنے والے ارشد ندیم نے قوم سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھی اچھی کارکردگی دکھانے اور میڈل جیتنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق ارشد ندیم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ فائنل کیلئے بھرپور تیاری میں ہوں، میری کامیابی کیلئے قوم نے جس طرح دعائیں کیں، اس پر بہت شکرگزار ہوں اور فائنل میں بھی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے میڈل جیتنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں آج جس مقام پر بھی ہوں، اس میں اس میں پاکستان ایتھلیٹک فیڈریشن، اور بالخصوص فیڈریشن کے صدر جنر اکرم ساہی کا بہت کردار ہے جن کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی سے ہی یہاں تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہوں۔
ارشد ندیم نے کہا کہ پاکستان ایتھلیٹک فیڈریشن کیساتھ ساتھ پاکستان سپورٹس بورڈ، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل اور رائے تیمور بھٹی کا شکر گزار ہوں، قوم سے اپیل ہے کہ وہ میرے لئے دعا کریں کیونکہ دعاؤں سے تقدیریں بدل جاتی ہیں، میں قوم کو مایوس نہیں کروں گا۔

واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی تمغہ حاصل کرنے کی آخری امید ارشد ندیم آج ایکشن میں نظر آئیں گے اور یہ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہو گا۔ جیولین تھرو (نیزا بازی) کے مقابلے میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کا بھارت کے تھرور نیرج چوپڑا کے ساتھ سخت مقابلہ متوقع ہے
یاد رہے کہ 24 سالہ ارشد ندیم نے ساﺅتھ ایشین گیمز میں شاندار پرفارمنس دکھاکر اولمپکس کیلئے براہ راست کوالیفائی کیا تھا۔ ارشد ندیم نے 85.16 میٹر کی تھرو کرکے اپنے گروپ میں پہلی اور مجموعی طور پر کوالیفائرز میں تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

تبصرے بند ہیں.