نامزد صوبائی وزیر پنجاب ملک اسد کھوکھر کی حلف برداری کی تقریب ملتوی

165

لاہور: نامزد صوبائی وزیر ملک اسد کھوکھر کی حلف برداری کی تقریب ملتوی کر دی گئی ہے جو آج گورنر ہاؤس میں ہونا تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریب حلف برداری اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کے قتل کے باعث ملتوی کی گئی، حلف برداری کی تقریب کی نئی تاریخ کااعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اسد کھوکھر کو گزشتہ روز ہی صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب ملک اسد کھوکھر کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی موجودگی میں ملک اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کو قتل کر دیا گیا۔

عینی شاہد کے مطابق وزیراعلیٰ واپسی کیلئے کار میں بیٹھے ہی تھے کہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، واقعہ وزیراعلیٰ کی کار سے چند گز کے فاصلے پر رونما ہوا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ 2 حملہ آور گھات لگا کر گیٹ پر موجود تھے، جیسے ہی نامزد صوبائی وزیر سمیت تینوں بھائی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گیٹ پر چھوڑنے آئے تو ملزمان نے فائرنگ کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے سٹاف نے فائرنگ کرنے والے ملزم ناظم کو پکڑ لیا جسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ گولیاں لگنے سے مبشر کھوکھر اور افضل نامی شخص زخمی ہو گیا، مبشر کھوکھر کو ڈیفنس کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب سے فائرنگ کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق سزا یقینی بنائی جائے۔

ملک مبشر کھوکھر کے قتل کے ملزم ناظم نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ اس نے اپنے بھائی اور چچا کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے ملک مبشر کو قتل کیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.