کراچی: حکومت سندھ نے کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کا اطلاق محرم الحرام کے مہینے میں تین روز کیلئے ہو گا۔
محکمہ داخلہ سندھ کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 8 ،9 اور 10 محرم تک کیلئے ہوگا تاہم خواتین، بچوں، بوڑھوں اور صحافیوں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
دوسری جانب پشاور میں ڈبل سواری اور گاڑیوں کے کالے شیشے کے استعمال پر پابندی عائد ہوگی جبکہ وال چاکنگ، نفرت و اشتعال انگیز تقاریراور پمفلٹ کی تقسیم پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پشاور میں دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت اسلحے کی نمائش اور اسلحہ ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ افغان مہاجرین کے اپنے کیمپوں سے باہر نکلنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جلوس کی گزر گاہوں میں آنے والے راستوں میں کھڑے ہونے پربھی پابندی ہو گی جبکہ صرف اذان اور خطبہ جمعہ کیلئے لاﺅڈ سپیکر کے استعمال کی اجازت ہوگی۔
تبصرے بند ہیں.