ثابت ہوچکا نواز شریف جھوٹ بول کر برطانیہ گئے، واپس آکر جیل جائیں: فواد

144

اسلام آباد :   وزیراطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے ثابت ہوچکا نوازشریف جھوٹ بول کر برطانیہ گئے۔ وہ پاکستان آئیں اور اپنی سزا پوری کریں۔

 

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ویزا درخواست مسترد ہونے پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کس بنیاد پر اپیل میں جائیں گے۔وہ ہائی کمیشن سے رابطہ کرکے عارضی دستاویزات بنوائیں اور پاکستان آجائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عارضی پاسپورٹ دیا جائے گا جس پر وہ وطن واپس آئیں گے۔ نواز شریف وطن واپس آکر جیل میں جائیں گے اور اپنی سزا پوری کریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن میں گھوم پھر رہے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ بیمار نہیں ہیں۔ انہوں جھوٹ بولنے پر برطانوی عدالتوں سے بھی سزا ہوسکتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جھوٹ بول کر ویزا لیا اوراس ویزے پر  برطانیہ میں مقیم تھے۔ پاکستان کی حکومت، عوام اور پاکستانی کمیونٹی کا برطانیہ سے مطالبہ تھا کہ ایسے لوگوں کو پناہ نہ دی جائے جو اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہوں۔

 

واضح رہے کہ برطانیہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ویزا میں توسیع کی درخواست مسترد کردی ہے۔ نواز شریف نے ویزا میں توسیع کی درخواست کی تھی۔

 

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی قانون کے مطابق نواز شریف کے پاس برطانیہ چھوڑنے کے لیے چند دن ہیں۔نواز شریف کو ویزا توسیع کیلئے دوبارہ درخواست دینا ہوگی۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں وہ برطانوی امیگریشن میں اپیل کرسکتے ہیں اپیل مسترد ہونے پر برطانوی عدالتوں میں بھی جاسکتے ہیں۔

 

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا پاسپورٹ پہلے ہی حکومت پاکستان مسترد کرچکی ہے۔

 

ادھر  پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا محمد نوازشریف کے برطانیہ میں قیام سے متعلق اہم بیان  سامنے آگیا ہے مریم اورنگزیب نے کہا ہے قائد محمد نوازشریف کے ویزے میں مزید توسیع سے برطانوی محکمہ داخلہ نے معذرت کی ہے ۔

 

برطانوی محکمہ داخلہ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ محمد نوازشریف اس فیصلے کے خلاف امیگریشن ٹریبونل میں اپیل کرسکتے ہیں ۔د نوازشریف کے وکلاءنے برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں اپیل دائر کردی ہے۔

 

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ  برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں دائر اپیل پر فیصلہ ہونے تک محکمہ داخلہ کا حکم غیرموثر رہے گا ۔اپیل پر فیصلہ ہونے تک قائد محمد نوازشریف برطانیہ میں قانونی طورپر مقیم رہ سکتے ہیں۔

 

تبصرے بند ہیں.