واٹس ایپ نے ’ویو ونس‘ نامی دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا

214

سان فرانسسکو: سماجی رابطوں کیلئے دنیا بھر میں مقبول ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کیلئے ازخود ڈیلیٹ ہونے والے پیغامات کا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے دنیا بھر کے دو ارب سے زائد صارفین کیلئے آئے روز نت نئے اور دلچسپ فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں جس کا مقصد صارفین کو بہتر اور اچھی سہولت فراہم کرنا ہے۔
واٹس ایپ نے رواں سال کے تیسرے ماہ میں از خود غائب ہونے والے پیغامات کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت کوئی بھی پیغام صارف کے پاس 7 روز بعد از خود غائب ہوجائے گا تاہم کمپنی نے اس سے ملتا جلتا ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو سنیپ چیٹ کی طرز پر بنایا گیا ہے۔
’ویو ونس‘ نامی اس فیچر کے تحت صارفین کی جانب سے بھیجی جانے والی ویڈیوز یا تصاویر ایک بار دیکھنے کے بعد خود بہ خود غائب جائیں گی اور یہ ماضی کی طرح گیلری میں محفوظ نہیں ہوں گی۔ فیس بک زیرملکیت کمپنی واٹس ایپ نے بتایا کہ اس فیچر کا مقصد صارفین کی جانب سے بھیجی جانے والی حساس معلومات کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
‘ویو ونس’ نامی فیچر کی آزمائش کئی ہفتوں سے بیٹا ورژن میں کی جارہی تھی اور اب یہ تمام صارفین کیلئے پیش کردیا گیا ہے۔ اس نئے فیچر میں بھیجی جانے والی تصاویر اور ویڈیو کو ایک بار ہی دیکھا جاسکتا ہے اور اس کے بعد میڈیا فائلز غائب ہوجاتی ہیں تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ ان تصاویر کا سکرین شاٹ لینا ممکن ہے جس کا علم بھیجنے والے کو نہیں ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.