اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے لوگ کشمیر کی آزادی کیلئے کھڑے ہیں، وزیراعظم پاکستان نے بطور سفیر کشمیر کیلئے اقدامات کئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے 5 اگست کے اقدام کو آج 2 برس مکمل ہونے پر دفتر خارجہ سے ریلی نکالی گئی جبکہ اس موقع پر کشمیر یکجہتی ریلی کیلئے 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور 1 منٹ کیلئے ملک بھر میں ٹریفک بھی روک دیا گیا۔
دفتر خارجہ سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر وزراءنے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہم نے کشمیر کی آزادی کیلئے 4 جنگیں لڑی ہیں، وزیراعظم پاکستان عمران خان کی وجہ سے کشمیر کے مسئلے کو نئی جلا ملی، وزیراعظم پاکستان نے بطور سفیر کشمیر کیلئے اقدامات کئے ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ 5 اگست کا اقدام واپس لئے جانے تک بھارت سے مذاکرات نہیں کئے جائیں گے، پاکستانی مضبوط قوم ہیں اور پاکستان مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرا کے رہے گا۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں سے حق خود ارادیت کا وعدہ کیا تھا، آزاد کشمیر میں میڈیا آزاد ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کو نہیں جانے دیا جاتا، جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا پاکستان کا کوئی شخص چین سے نہیں بیٹھے گا۔
Prev Post
تبصرے بند ہیں.