ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں تجربات کا موقع ہاتھ سے نکل جانے پر مایوسی ہوئی: بابراعظم

189

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں تجربات کا موقع ہاتھ سے نکل جانے پر مایوس ہیں جن کا کہنا ہے کہ سیریز میں مختلف کمبی نیشن آزما کر ورلڈکپ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینا چاہتے تھے۔
پراویڈنس میں چوتھا ٹی 20 میچ بھی بارش کی نذر ہونے پر مایوس بابراعظم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں اچھی کرکٹ سے ہم اپنے اعتماد میں اضافہ کرنا چاہتے تھے جبکہ مختلف کمبی نیشن آزماتے ہوئے ورلڈکپ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا منصوبہ بھی تھا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں ہم نے یہ بھی سوچ رکھا تھا کہ یہاں کئے جانے والے تجربات سے آئندہ کے پلان بنانے میں مدد ملے گی، بیٹنگ آرڈر میں بھی کھلاڑیوں کو آزمائیں گے مگر بدقسمتی سے اتنا موقع ہی نہیں مل سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ٹور میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی اور اس بار بھی سیریز میں فتح حاصل کی جو خوش آئند بات ہے، ہم اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر اس سے بہتر نتائج کے خواہاں تھے،موسم کی مداخلت نہ ہوتی تو مضبوط میزبان ٹیم کیخلاف زیادہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا لیکن بارش اور اس جیسے دیگر عوامل کسی کے کنٹرول میں نہیں ہوتے۔
بابراعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اپنی فارم اور فٹنس پر کام کیا ہے، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات میں طویل عرصے تک اہل خانہ سے دور رہتے ہوئے بائیوببل کی سختیاں جھیلنا کسی کیلئے بھی آسان نہیں ہوتا، اس کے باوجود کھلاڑیوں کا ذہنی اور جسمانی طور پر مستعد رہنا خوش آئند ہے، اس کا کریڈٹ خود پلیئرز اور مینجمنٹ سب کو جاتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 سیریز میں کامیابی کے بعد اب نگاہیں ٹیسٹ میچز پر مرکوز ہوں گی، جس جوش اور جذبہ کے ساتھ ہم وائٹ بال کرکٹ کیلئے میدان میں اترے وہی طویل فارمیٹ کے مقابلوں میں برقرار رکھیں گے،سخت جان کیربینز کو زیر کرنے کیلئے بہت محنت کرنا ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.