شہباز شریف کیخلاف سرکاری زمین ٹرانسفر کرنے پر نئی انکوائری شروع

192

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے خلاف نیب نے سرکاری زمین ٹرانسفر کرنے پر نئی انکوائری شروع کر دی ہے۔

 

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ایک بار پھر سے نیب کے ریڈار پر آ گئے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے آج انکوائری کی منظوری دے دی ہے۔

 

ذرائع کے مطابق شہباز شریف پر بہاولپور سیٹلائٹ ٹاؤن میں سرکاری زمین من پسند افراد کو ٹراننسفر کرنے کا الزام ہے، شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا ناجائز استعمال کر کے سرکاری زمین ٹرانسفر کروائی۔

 

اس کے علاوہ شہباز شریف کے ساتھ نیب نے سابق رکن قومی اسمبلی بلیغ الرحمان اور سابق کمشنر عاطف کے خلاف بھی انکوائری شروع کر دی ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل لاہور کی مقامی عدالت نے مبینہ مالیاتی اسیکنڈل میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 16 اگست تک توسیع کر دی تھی۔

 

شہباز شریف اور حمزہ شہباز اپنے خلاف ایف آئی اے کے کیس میں ضمانت کیلئے بینکنگ جرائم کورٹ میں پیش ہوئے۔ ڈیوٹی جج ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے کیس پر سماعت کی تھی۔

 

ایف آئی اے نے درخواست ضمانت پر اپنا تحریری جواب جمع کرایا جس میں دونوں ملزمان کے بیرون ملک فرار کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ضمانت خارج کرنے کی استدعا کی گئی۔ تحریری جواب میں ایف آئی اے کا مؤقف تھا کہ لیگی رہنما تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے، عبوری ضمانت میں اگر توسیع کی جاتی رہی تو مقدمے کی تفتیش مکمل نہیں ہو سکے گی۔

 

ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ انہوں نے 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی جس کیلئے رمضان شوگر ملز کو استعمال کیا گیا۔ ایف آئی اے نے اپنے جواب میں بتایا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے رمضان شوگر ملز کے کم تنخواہ والے ملازمین کی آڑ میں جعلی بینک اکاؤنٹس بنائے، جعلی اکاؤنٹس کی تفصیلات غریب اکاؤنٹ ہولڈر ملازمین کے اثاثوں سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

 

وفاقی تحقیقاتی ادارے کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت سے مرکزی گواہوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران شہباز شریف اور ان کے وکیل نے بتایا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ہے جو 13 اگست تک جاری رہے گا لہٰذا عدالت بعد کی کوئی تاریخ مقرر کرے۔ حمزہ شہباز کے وکیل نے بھی بتایا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی 13 اگست تک جاری رہے گا۔  عدالت نے دونوں کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔

تبصرے بند ہیں.