بھارتی فوج کے کشمیری نوجوان کی شہادت، شہباز شریف کی شدید الفاظ میں مذمت

162

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بھارتی فوج کے ہاتھوں بانڈی پورہ میں کشمیری نوجوان کو شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر عالمی قانون اور انسانیت کا مجرم ہے۔ 5 اگست 2019ء کے بعد سے بالخصوص مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی انسانیت سوز مظالم میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔

 

لیگی رہنما نے کہا کہ اگست کے مہینے میں بھارت سلامتی کونسل کا صدر تو بن گیا لیکن مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سنگین سلسلہ جاری ہے۔ مہذب دنیا بھارت سے سلامتی کونسل کی جموں وکشمیر پر قراردادوں پر عملدرآمد کا تقاضا کرے۔ کشمیر کے بہادر اور آزادی پسند عوام نے غلامی قبول کی ہے نہ مستقبل میں کریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ شکست بھارت کا مقدر ہے۔ اہل کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی، ان کے حوصلے، عزم اور ثابت قدمی کو پوری انسانیت سلام پیش کرتی ہے۔ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

تبصرے بند ہیں.