مولانا تنویر الحق تھانوی کا پی ٹی آئی چھوڑ کر پی پی پی میں شمولیت کا اعلان

296

کراچی: شہر قائد سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق مولانا تنویر الحق تھانوی نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مولانا تنویر الحق تھانوی نے کہا کہ دینی خدمات کیساتھ ساتھ سیاست میں عوام کے مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کروں گا، سندھ ہماری دھرتی ہے اور ہمارا جینا مرنا یہیں ہے، امید ہے کہ پیپلز پارٹی ہماری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے گی، میں پی ٹی آئی میں ایکٹیو نہیں تھا جبکہ مسلم لیگ نون اپنے مسائل میں الجھی ہوئی ہے۔
اس موقع پر نثار کھوڑو نے کہا کہ مولانا تنویر الحق تھانوی پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہوں اس کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، عوام کی امیدیں پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، وفاقی پارلیمانی نظام ایک دوسرے کو برداشت کر کے آگے چلنے کا نام ہے، ملک میں سیاست اور سیاستدانوں کو بدنام کر کے پیش کیا جا رہا ہے۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ سندھ میں حکومت بنانے کی باتیں کرنے والے عوام کے مسترد کردہ ہیں، یہ لوگ ملک بھر میں مسترد ہوں گے، ارباب رحیم پہلے یہ بتائیں کہ انہوں نے کتنی جماعتیں تبدیل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کو کسی بھی صوبے میں سیاست کرنے کا حق ہے، عمران خان اپوزیشن لیڈر کے اوپر سندھ میں کسی اور کو لے کر آئے ہیں جس پر حلیم عادل شیخ کو سوچنا چاہئے کہ اب ان کی حیثیت کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تونسہ سے 1 لاکھ 30 ہزار کیوسک پانی بہایا جاتا ہے اور گڈو تک 1 لاکھ کیوسک پانی پہنچتا ہے جس کا مطلب ہے کہ بیچ میں سے 30 ہزار کیوسک پانی چوری کیا جا رہا ہے، تونسہ سے گڈو تک 30 ہزار کیوسک پانی کی چوری پر ارسا کا ادارہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

تبصرے بند ہیں.