2018 کے عام انتخابات میں شکست میں مسلم لیگ (ن) کی کوئی غلطی نہیں تھی، عباسی

189

اسلام آباد: شہباز شریف کی جانب سے 2018 کے انتخابات میں پارٹی شکست کو غلط حکمت عملی کا نتیجہ قرار دینے پر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اس میں ن لیگ کی کوئی غلطی نہیں تھی۔

 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا کہ اس میں ن لیگ کی کوئی غلطی نہیں تھی اور نہ ہی نواز شریف کی نااہلی تھی۔ یہ ایک طے شدہ معاملہ تھا اور سیاسی جماعت کی الیکشن میں غلطیاں نہیں ہوتیں جبکہ ہم الیکشن میں گئے اور جوکچھ الیکشن میں ہوا وہ تاریخ کا حصہ ہے۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کی بہترین حکومت 2013 سے 2018 کی تھی، اگرانصاف کے دوہرے معیارہوں گے تو اس میں ن لیگ اورنوازشریف کی کیا غلطی ہے؟ شہبازشریف نوازشریف کے ساتھ کھڑے تھے اورکھڑے ہیں۔

 

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جوکچھ 2018 کے الیکشن میں ہوا اس کی حقیقت سامنے آنی چاہیے، سیاست میں مفاہمت یا مزاحمت نہیں ہوتی، سیاست میں اصول ہوتے ہیں،ن لیگ میں کوئی سخت یا نرم بیانیہ نہیں،ملک کوآئین کے مطابق چلنا چاہیے۔ الیکشن میں دھاندلی پرسمجھوتہ نہیں ہوسکتا، ٹرتھ کمیشن بنایا جائے جس میں حقائق کوسامنے لایا جائے۔

 

گذشتہ روز شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر 2018 کے انتخابات سے قبل مشاورت کے بعد صحیح حکمت عملی بناتے تو نواز شریف چوتھی مرتبہ ملک کے وزیراعظم بن جاتے۔

 

تبصرے بند ہیں.