لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جہانگیر ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کی درخواستِ ضمانت خارج کر دی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج نے درخواست ضمانت کی سماعت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے نذیر چوہان کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ شہزاد اکبر کی مدعیت میں ایف آئی اے نے درج کیا تھا اور وہ 14 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں نذیر چوہان نے کہا کہ پچھلے دنوں میں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ شہزاد اکبر صاحب کا ایک قادیانی گروپ کیساتھ تعلق ہے اور انھیں چاہیے کہ وہ اس بات کی وضاحت کریں۔
نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس پر پہلے بھی وضاحت دی تھی اب دوبارہ شہزاد اکبر نے واضح کر دیا ہے کہ میں ختم نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر یقین رکھتا ہوں اور پیارے آقا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آخری نبی سمجھتا ہوں میں سمجھتا ہوں کہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے اپنا عقیدہ واضح کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کسی کو کافر کہتا ہوں اور نہ ہی مجھے اس بات کا حق پہنچتا ہے کہ کسی کو ایسا کہوں۔ اگر میرے اس بیان سے شہزاد اکبر صاحب کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں ان سے معذرت خواہ ہوں۔ اور اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ وہ انھیں اور ان کے بچوں کو صحیح سلامت رکھے آمین۔
تبصرے بند ہیں.