سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کا معاملہ، افغان ٹیم تفتیش کیلئے پاکستان پہنچ گئی

182

اسلام آباد: سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے اہم معاملے کی تحقیقات کیلئے افغانستان کی خصوصی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے۔ انھیں مبینہ کیس کی جانچ پڑتال کیلئے تمام چیزوں تک رسائی دی جائے گی۔

یہ بات وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان ٹیم چاہے تو ٹیکسی ڈرائیوروں کا انٹرویو بھی کر سکتی ہے۔ پولیس اپنی تحقیقات کی رپورٹ وزارت خارجہ کو پیش کرے گی۔ آئی جی کو ہدایت کی ہے کہ دفتر خارجہ سے رابطہ کریں اور حقیقت پر مبنی تحقیقاتی رپورٹ فارن آفس کو دی جائے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ محرم میں امن وامان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ چاہتے ہیں کوئی کسی کا مسلک نہ چھیڑے اور اپنا مسلک نہ چھوڑے۔ جمعرات کو سیکیورٹی سے متعلق اجلاس بلایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سیلاب کی صورتحال کیلئے ہمارے پاس 1122 کی سروس نہیں، ریسکیو سروس کو نئی گاڑیاں دینے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ 30 اگست تک اسلام آباد کے تمام نالوں پر تجاوزات کو ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 9 اور 10 محرم سے پہلے نئی وینٹی لیٹر وارڈز کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ یہ نئی وینٹی لیٹر وارڈ ہولی فیملی ہسپتال میں بنائی جائے گی۔ این سی او سی کا مشکور ہوں جنہوں نے وینٹی لیٹر فراہم کرنے میں کردار ادا کیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کرپشن ختم کرنے کیلئے آن لائن ویزا سروس شروع کی ہے۔ پاکستان میں سیکیورٹی کے کچھ معاملات ہیں، جو لوگ چھپے ہوئے ہیں وہ ویزا اپلائی کریں۔30 اگست کے بعد ایسے لوگوں کو پاکستان میں رہنے کیلئے جگہ نہیں ملے گی۔

تبصرے بند ہیں.