کشمیر پریمیر لیگ کے شیڈول کا اعلان ہو گیا

239

لاہور: کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق لیگ کا افتتاحی میچ 6 اگست کو راولا کوٹ ہاکس اور میرپور رائلز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 
کشمیر پریمیر لیگ کے شیڈول کے مطابق 7 اگست کو باغ سٹالینز اور کوٹلی لائنز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا جبکہ لیگ کے 19 میں سے 12 میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ شیڈول کے مطابق پی ایل کوالیفائر میچ 14 اگست کو کھیلا جائے گا اور ایلیمینیٹر ون کا میچ 15 اگست، دوسرا ایلیمینیٹر میچ 16 اگست کو ہو گا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے کشمیر پریمیر لیگ کے انعقاد کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنے کی بھونڈی کوششیں بھی جاری ہیں جس کے باعث ہرشل گبز سمیت متعدد کھلاڑی لیگ سے دستبردار ہوئے ہیں البتہ سری لنکا کے تلکراتنے دلشان لیگ میں شرکت سے متعلق اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ 
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کی کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) میں عدم شرکت کی تصدیق کی ہے۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل قومی کرکٹرز پر کام کے بوجھ کو کم سے کم رکھنا پی سی بی کی ترجیح ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ قومی کرکٹرز کے پی ایل میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ وہ اس وقت ویسٹ انڈیز میں ہیں جس کے بعد افغانستان اور انگلینڈ کے خلاف سیریز بھی شیڈول ہیں۔ ویسٹ انڈیز، افغانستان اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کی وجہ سے کھلاڑیوں پر کام کے بوجھ کو بھی مدنظر رکھنا ہے تاکہ ٹی 20 ورلڈکپ میں بھرپور شرکت کر سکیں۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پاکستان کا پریمیر ٹورنامنٹ ہے اور نیشنل ٹی 20 کپ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ہے جبکہ کے پی ایل پرائیویٹ لیگ ہے جس میں پاکستان کے صرف ریٹائرڈ کرکٹرز شریک ہو رہے ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.