وزیراعظم نے کورونا وائرس کی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کر لیا

180

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ملک میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر وزیراعظم عمران خان نے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اور وزارت قومی صحت سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔ 
اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا جائے گا اور وزیراعظم کو سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن سمیت ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبہ پنجاب میں مثبت کیسوں کی شرح میں مزید اضافے کی صورت میں ایک بار پھر سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ 
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت شہریوں کو عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی چوتھی لہر سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور شہریوں کی حفاظت کیلئے حکومت کی جانب سے گائیڈ لائنز بھی جاری کی گئی ہیں جن پر عملدرآمد عوام کے مفاد میں ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس حوالے سے مزید پابندیوں سے بچنے کیلئے شہریوں کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں اورسماجی فاصلے برقرار رکھیں۔

تبصرے بند ہیں.