سڈنی: آسٹریلیا کے سابق لیجنڈ باؤلر شین وارن بھی عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں، انہوں نے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔
انھیں گزشتہ روز سے طبعیت میں خرابی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ انہوں نے کورونا کی تمام علامات محسوس کرنے پر خود کو ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے تمام اہلخانہ سے خود کو علیحدہ کرتے ہوئے گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا ہے۔
دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کے آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں ان دنوں کورونا کے کیسز میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ طبی حکام نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر سخت ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پت زور دیا ہے۔
آسٹریلوی حکام نے 207 مقامی کورونا کیس اور 15 اموات رپورٹ ہونے کے بعد کوئنز لینڈ میں جاری لاک ڈاؤن کو 13 اگست تک بڑھا دیا ہے۔
برسبین میں بھی کورونا کے کیسز بڑھتے جا رہے ہیں، گزشتہ دنوں ان میں کمی کا رجحان دیکھا گیا تھا جس کے بعد حکومت نے منگل سے شہر میں جاری لاک ڈاؤن کو اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسے پھر سے 8 اگست تک بڑھا دیا گیا ہے۔ خبریں ہیں کہ آج بھی برسبین میں 8 کووڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وکٹوریا کی صورتحال قدرے بہتر ہے جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صرف 2 کورونا کیس رپورٹ ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں شہریوں کو تمام حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے آئسولیٹ کر دیا گیا ہے تاکہ دیگر لوگوں کو انفیکشن سے بچایا جا سکے۔ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والے اے ایف ایل گیمز میں شائقین کو شرکت کی اجازت دیدی جائے گی۔
آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم پرامید ہیں کہ لاک ڈاؤن جلد ختم ہو کر قصہ پارینہ بن جائے گا۔ ہم عالمی وبا کورونا کو شکست دینے کا عزم رکھتے ہیں تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ 80 فیصد عوام اپنی ویکسی نیشن کروائے۔
تبصرے بند ہیں.