پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کو بھر پور جواب دیں گے، معید یوسف

156

واشنگٹن: قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ اگر کوئی ملک پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کرے گا تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔

پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ اس بات پر متفق ہیں کہ افغانستان میں امن قائم کیا جائے۔ دونوں ممالک اس مقصد کے حصول کیلئے طریقہ کار پر غور و خوض کر رہے ہیں کیونکہ افغانستان میں سلامتی کے کسی بھی خلا کو پر کرنے کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ کون پاکستان کے خلاف کاررائیوں میں ملوث ہے۔ افغانستان میں عدم استحکام متعدد دہشتگرد دھڑوں کے دوبارہ سر اٹھانے کا سبب بننے گا جس سے دنیا اور پاکستان کیلئے مشکلات پیدا ہوں گی۔

ادھر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے لیکن بھارت علاقے کا امن پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے۔ وہ امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جبکہ دنیا میں امن قائم کرنے کیلئے کشمیر اور فلسطین کے مسئلے کو حل کرنا ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیر، فلسطین بلکہ مسلم امہ کے سفیر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ پاکستان ان کی قیادت میں پوری دنیا میں کشمیر‘ فلسطین اور مسلم امہ کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.