لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کو کورونا کی چوتھی لہر سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔
اپنے بیان میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شہریوں کی حفاظت کے لئے حکومت نے گائیڈ لائنز جاری کی ہیں ، مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا تو ایک بار پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن کرنا پڑسکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پابندیوں سے بچنے کے لئے شہریوں کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے ، شہری کورونا ویکسینیشن مہم میں حکومت کا ساتھ دیں ۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا سے اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، آج مزید 62 مریض انتقال کرگئے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 23 ہزار 422 ہو گئی ہے ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ، ملک بھر میں 5 ہزار 26 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ 56 ہزار 965 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔
24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.82 فیصد رہی ، ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 34 ہزار 837 ہو گئی ۔
ادھر ، لاہور میں وبا کی شدت میں اضافے کے باعث شہر کے مخصوص علاقوں میں ایک بار پھر سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے ۔ مسلم ٹاؤن ، گلشن اقبال اور گلشن راوی کے مخصوص علاقوں میں پابندیاں لگا دی گئیں ہیں ، لاک ڈاون والے علاقوں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔
Prev Post
تبصرے بند ہیں.