کراچی: صوبہ سندھ میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم) کا 13 اگست کو کراچی میں ہونے والا جلسہ موخر کر دیا گیا ہے۔ اس کی وجہ عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر قرار دی گئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے تیز ترین پھیلاؤ کے پیش نظر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے فیصلہ کیا ہے کہ 13 اگست کو کراچی میں ہونے والے جلسہ کو غیر معینہ مدت تک کیلئے موخر کر دیا جائے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومٹ کے جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بعد میں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ان دنوں صوبہ سندھ اور کراچی کو کورونا کی نئی قسم ڈیلٹا نے پوری طرح سے جکڑ لیا ہے۔ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث صوبے کی صورتحال آئے روز خراب ہوتی جا رہی ہے۔
سندھ حکومت نے کراچی میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے جو 8 اگست تک جاری رہے گا۔
تبصرے بند ہیں.