لاہور : وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو وفاقی حکومت کی پالیسی کے خلاف صنعتوں کو بند نہیں کرنا چاہیے ۔ جن صنعتوں میں 100 فیصد ویکسی نیشن ہوگئی ہے ان کو کھولیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ سندھ حکومت کے اقدامات سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سندھ حکومت کے فیصلے سے صنعتوں کو نقصان ہو رہا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ صوبے انفرادی طور پر کوئی کام نہیں کرسکتے ۔ کورونا سے متعلق پالیسی وفاق اور این سی او سی بناتا ہے۔ سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن کی اجازت قطعی طور پر نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ سندھ حکومت این سی او سی اور وفاق کی پالیسی نظر انداز نہیں کرسکتی ۔ پیپلز پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ اتنے عقل مند ہوتے تو کراچی کی یہ حالت نہیں ہوتی۔ کراچی پورٹ پاکستان کی معیشت کی شہ رگ ہے ۔ایسے اقدامات نہیں کرنے دیں گے جو معاشی شہ رگ کو نقصان پہنچائے۔
فواد چودھری نے ڈیلٹا وائرس کا پھیلاؤ نہ روکنے پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی وجہ سے ڈیلٹا وائرس دنیا بھر میں پھیلا۔
تبصرے بند ہیں.