شاہد خاقان عباسی نے شہباز شریف کے استعفے کے خبروں کی تردید کر دی

81

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پارٹی کے صدر شہباز شریف کے استعفے کے خبروں کی تردید کر دی۔

 

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف استعفیٰ دے رہے ہیں نہ پارٹی میں کوئی اختلاف ہے بلکہ مسلم لیگ ن مکمل طور پرمتحد ہے۔

 

خیال رہے کہ میڈیا میں زیر گردش خبروں میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے پارٹی کی صدارت چھوڑنے کی دھمکی دیدی ہے کیونکہ انھیں اس بات پر غصہ ہے آزاد کشمیر انتخابات کے دوران انھیں مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا تھا۔

 

دلچسپ بات ہے کہ پاکستان کے معتبر اخبار میں یہ خبر شائع ہونے کے باوجود میاں شہباز شریف نے خود، ان کے ترجمان یا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور اہم رہنماؤں کی جانب سے اس خبر کی ابھی تک تصدیق یا انکار نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس کی ضرورت محسوس کی ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں شہباز شریف اس قدر ناراض ہیں کہ وہ کسی بھی وقت ن لیگ کی صدارت سے استعفیٰ دیدیں تاہم ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف فی الحال انھیں ایسا کرنے سے روک رہے ہیں۔

 

سیاسی حلقوں نے دعویٰ کیا ہے کہ حمزہ شہباز شریف نے اپنے والد کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ان کے خدشات پارٹی قائد میاں نواز شریف کے سامنے ضرور اٹھائیں گے تاکہ وہ معاملے کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے اسے حل کریں۔

 

دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ مریم نواز شریف سے کہہ دیا گیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر الیکشن میں شکست کے بعد اب خاموش رہیں گی۔

 

 

تبصرے بند ہیں.