منامہ: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو منامہ بحرین میں واقع پاکستانی سفارتخانے کا اچانک دورہ کے دوران کہی۔وزیر خارجہ نے قونصلر سیکشن میں سفارت خانے آنے والے پاکستانی شہریوں سے ایمبیسی میں تعینات سٹاف کے رویے اور فراہم کردہ سہولیات کے حوالے سے سوالات پوچھے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت کی کمائی ترسیلات زر کی صورت میں پاکستان بھجواتے ہیں اور معیشت کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے سفارت خانے آئے ہوئے پاکستانیوں کو سفارت خانے کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔پاکستانی شہریوں نے موجودہ حکومت کے روشن ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے بحرین میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات افسران اور عملے کے ساتھ ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بحرین میں ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو ہمارے دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی میں پل کا کردار کرتے ہیں۔وزیر خارجہ نے سفارتی عملے کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لانے کی ہدایات دیں۔
تبصرے بند ہیں.