اسلام آباد: کینیڈین حکومت نے حکومت پاکستان کو 162 موبائل وینٹیلیٹرز بطور تحفہ پیش کر دیئے۔
اسلام آباد میں این ڈی ایم اے کی طرف سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں کینیڈین حکومت کی جانب سے پاکستان کو کورونا سے نمٹنے کیلئے 162 میڈیکل وینٹیلیٹرز کا تحفہ دیا گیا۔ تقریب میں چئیرمین این ڈی ایم اے، لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز، کینیڈا کی ہائی کمشنر وینڈی گلمور اور وزیراعظم کے مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے علاوہ کینڈین ہائی کمشن، وزارت صحت، آئی ایچ آئی ٹی سی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے کینیڈین حکومت اور کینیڈین عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ایک عالمی وبا ہے اور بین الاقوامی سطح پرہم سب کو ملکر اس سے نمٹنا ہوگا، کورونا سے اس وقت تک کوئی بھی محفوظ نہیں جب تک سب محفوظ نہیں۔
اس موقع پر کینیڈا کی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستان کے طبی شعبے کو مستحکم کرنے کے اس سفر میں شریک ہیں جس کے ذریعے خطرے سے دوچار لوگوں با لخصوص خواتین اور بچیوں کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دیا گیا یہ تحفہ بھی دونوں ممالک کے مابین مسلسل ترقیاتی معاونت اور کورونا سے نمٹنے کے عمل کا حصہ ہے اور کینیڈا کی طرف سے پاکستان کے ساتھ مستقبل میں بھی معاونت جاری رہے گی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کینیڈا کی جانب سے میڈیکل وینٹیلیٹرز کی پاکستان کو فراہمی پر کینیڈین حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا نے نہ صرف کورونا سے نمٹنے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیا بلکہ اس سے پہلے بھی ایک اچھے دوست کی طرح پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھا۔
تبصرے بند ہیں.