پیپلز پارٹی نے یوٹیلٹی سٹورز پر گھی، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

189

کراچی: سیکرٹری جنرل پی پی پی سید نیر حسین بخاری کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی، گھی اور آٹا مہنگا کرنے کے عوام دشمن فیصلہ کی منظوری کابینہ نے دی ہے، کہاں سکون کی نیند میں ہے وہ عمران خان جو کہتا تھا مہنگائی ہو تو سمجھو حکمران چور ہیں۔

ان کا کہنا تھا جی پی ٹی آئی سرکار کے دور میں انتہائی کسمپرسی کے شکار گھرانوں کی تعداد میں اضافہ شرمناک ہے۔ غذائی عدم تحفظ میں مبتلا آبادی کی شرح میں تیزی حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ معاشی بدحالی ناقابل برداشت ہے، مہنگائی بے روزگاری کے سونامی کے علاوہ کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

نیر بخاری نے مزید کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر مہنگائی ذخیرہ اندوزوں کی مالی مددگاری متوسط اور غریب لوگوں کی زندگیاں مزید اجیرن بنانا ہے۔ وزیراعظم اور کابینہ سرمایہ داروں اور سرمایہ کاروں کی مالی معاونت کے سہولت کار بن گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار سرمایہ کار، سرمایہ دار۔ مالیاتی مافیاز دوست اور غریب مزدور محنت کش دشمن حکومت ثابت شدہ ہے۔ حکومتی چھتری تلے آٹا، چینی اور پٹرول مصنوعی بحران کے ذریعے عوام کی جیبوں پر پہلے بھی کھربوں روپے کے ڈاکے ڈالے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بے حس اور بے رحم حکمرانوں کے عوام کش اقدامات سے شہریوں کی زندگیاں اجیرن ہو گئی ہیں۔ حکومت انسانی معاشی حقوق غصب کرنے کی حدیں عبور کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی ہوشربا مہنگائی مزید بڑھانے کے حکومتی اقدام کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر آواز بلند کرتی رہے گی۔

تبصرے بند ہیں.