کراچی :کورونا وائرس کی چوتھی لہر کو مد نظر رکھتے ہوئے پی آئی اے نے فضائی میزبانوں کیلئے نئے احکامات جاری کر دئیے ،پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق اب ہر فضائی میزبان کو ہر صورت ویکسی نیشن کروانا ہو گی ،ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر پی آئی اے فضائی میزبانوں کے ڈیوٹی کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے ایسے تمام فضائی میزبانوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا جن کے پاس کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہیں ہو گا ،کورونا سے بچائو کے ضمن میں فضائی میزبانوں کے ڈیوٹی فری شاپ پر جانے کی پابندی عائد ہو گی ،پی آئی اے کے شعبہ فلائٹ سروسز نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام ملازمین کے پاس کورونا ویکسی نیشن کروانے بارے نادرا کا سرٹیفکیٹ ہونا لازمی قرار دیدیا گیا ہے ،انہوں نے کہا حکومتی ہدایات کے مطابق یکم اگست سے بغیر سرٹیفکیٹ اندرون ملک پروازوں پر کسی کی بھی تعیناتی نہیں کی جائے گی ۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک ڈوز کی صورت میں 1166 سے جاری میسیج پیش کرنا بھی ضروری ہوگا، انٹرنیشنل پروازوں کےمیزبانوں کی ٹرمینل بلڈنگ میں غیر ضروری نقل وحرکت کو بھی روک دیا گیا ہے ،انتظامیہ کا کہنا ہے بین الاقوامی پروازوں کے میزبانوں کی طرف سے اگر کسی بھی قسم کی کوئی خلاف ورزی کی گئی تو انہیں خلاف ورزی کرنے پر جرمانے ،کٹوتی تنخواہ کے ساتھ ساتھ انضباطی کاروائی بھی کی جائے گی ۔
تبصرے بند ہیں.