اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی لندن میں ایڈوانس ہائر ایجوکیشن کی سی ای او ایلیسن جانز اور کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کی چیف ایگزیکٹو کرسٹین اوزڈن سے الگ الگ ملاقاتیں ، باہمی تعلیمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
تفصیلات کے مطابق ، ایڈوانس ایچ ای انٹرنیشنل چیرٹی کے وفد سے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایڈوانس ہائر ایجوکیشن پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں درس و تدریس ، قائدانہ صلاحیت کے فروغ اور انتظامی معیار کو یقینی بنانے کیلئے کورس ڈیزائن کیے جائیں گے اور چیرٹی نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گی ۔
کیمبرج کی کرسٹین اوزڈن سے ملاقات میں وفاقی وزیر شفقت محمود نے کیمبرج بین الاقوامی امتحان کے نظام پر بھی تبادلہ خیال کیا ، اوزڈین نے تمام قومی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیمبرج کے امتحانات بہترین طور پر کرانے کی پاکستانی کوششوں کو بھی سراہا ۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں پاکستانی وفد برطانوی وزیرتعلیم کی دعوت پر لندن پہنچا ، جہاں شفقت محمود 2 روزہ گلوبل ایجوکیشن سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی بھی کریں گے ۔
وفد میں صوبائی وزراء سعید غنی ، شہرام خان ترکئی ، رکن قومی اسمبلی وجیہہ اکرم سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر وفاقی اور صوبائی عہدیدار شامل ہیں ۔
تبصرے بند ہیں.