عمران خان کشمیریوں کا جعلی وکیل ہے: مریم نواز

211

حویلی : پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کشمیریوں کا جعلی وکیل ہے ۔ کشمیر کا مقدمہ کمزور نہیں ، آج کل جو جعلی وکیل ہے وہ کمزور ہے ۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ صرف نواز شریف جیسا بہادر لیڈر ہی لڑ سکتا ہے ۔ نواز شریف کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے اور جیتیں گے ، سلیکٹڈ کی طرح کشمیر کو بھارت کے حوالے نہیں کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کشمیریوں سے منہ لٹکا کر یہ نہیں کہا بھارت کشمیر اچک کر لے گیا تو کیا کروں ، نواز شریف نے یہ رونا نہیں رویا مودی میرا فون نہیں سنتا ۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر میں جائیں گے ، نواز شریف کا کشمیر سے خون کا رشتہ ہے ۔ بھارت سن لے ، کشمیری آزادی لے کر رہیں گے ۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے دشمن کے 5 دھماکوں کا جواب 6 دھماکوں سے دیا ، جس نے ایٹمی دھماکے کئے اسے غدار ٹھہرا دیا گیا ۔ جس کا سیاسی مقابلہ نہیں کر سکتے اسے غدار کا لقب دے دیا جاتا ہے ۔ پاکستان میں جن کو غدار کہا گیا وہ اتنے ہی بڑے محب وطن ہیں ، جس نے برہان وانی کا مقدمہ لڑا اسے غدار کہا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ آج ایسی جگہ پر کھڑی ہوں جس کے 3 اطراف ایل او سی ہے ۔ ایل او سی کے دوسری طرف کشمیریوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔ کشمیر کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ فوجی بھائیوں اور بیٹوں کو دونوں ہاتھوں سے سلام کرتی ہوں ۔ فوجی جوان سیاست سے بالاتر ہو کر وطن عزیز کے دفاع کیلئے کھڑے ہیں ۔
میرے جلسوں کا آج آخری دن ہے ، 13 روز سے گھر نہیں گئی ، میں نے کسی پیسوں والی اے ٹی ایم کے پاس جلسہ نہیں کیا ، باغ میں عمران خان نے اپنی نئی نویلی اے ٹی ایم کے ساتھ جلسہ کیا تھا ۔ سرکاری اخراجات کے باوجود باغ کے لوگوں نے جلسے میں جانے سے انکار کر دیا ۔

تبصرے بند ہیں.