اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کے بیان سے بھارت کی اصل حقیقت دنیا کے سامنے آگئی ہے ۔ بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان کے خلاف ایف اے ٹی ایف معاملہ سیاسی بنانے کا اعتراف کیا۔ بیان نےایف اےٹی ایف میں پاکستان مخالف منفی کردار پر پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید بھی کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سےدنیاکو بھارت کےایف اے ٹی ایف معاملے کو سیاسی بنانےسے آگاہ کر رہا ہے، پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عمل کرنے میں سنجیدگی سے اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت نے شرمناک انداز سے پاکستان کی پیش رفت پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی، پاکستان بھارت کی جانب سے حالیہ اعتراف کو بھی بین الاقوامی برادری اور ایف اے ٹی ایف کے نوٹس میں لائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان مناسب کارروائی کیلئے ایف اے ٹی ایف کے صدر سے رابطہ کرنے کے حوالے سے غور کر رہا ہے۔ بھارت کے ایف اے ٹی ایف کے مشترکہ گروپ کے کو چیئر ہونے کے حوالے سے سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہم ایف اے ٹی ایف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان معاملات کو دیکھے، ایف اے ٹی ایف نے انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنانسنگ کے حوالے سے پاکستان کے ٹھوس اقدامات کو ہمیشہ سراہا، ہم بین الاقوامی ساتھیوں کی معاونت کے ساتھ کام کی اس رفتار کو برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان پر دباؤ ڈالنے کا بھارتی شوق کبھی پورا ہوا اور نہ ہی پورا ہو گا۔
تبصرے بند ہیں.