ڈی جی خان میں مسافر بس اور ٹریلر میں تصادم ، 33 افراد جاں بحق

232

ڈیرہ غازی خان: تونسہ بائی پاس کے قریب مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں 33 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔

ڈیرہ غازی خان میں تونسہ بائی پاس کے قریب انڈس ہائی وے پر مسافر بس اور مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر کے درمیان تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں بس میں سوار درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ سپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی عملے نے ابتدائی طور پر 18 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جب کہ 60 سے زائد زخمیوں میں سے 15 دوران علاج دم توڑ گئے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے کچھ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، جس کی وجہ سے جانی نقصان میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس سیالکوٹ سے راجن پور جارہی تھی اور بس کے مسافروں کی اکثریت مزدور پیشہ افراد کی تھی اور وہ عید الاضحیٰ منانے اپنے آبائی علاقے جارہے تھے۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے رابطہ۔ زخمیوں کے علاج معالجے سے متعلق ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں، غم کی گھڑی میں جاں بحق افرادکے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں.

تبصرے بند ہیں.