بھارت کا ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے خلاف سازش کا اعتراف

243

نئی دہلی: مودی سرکار کی پاکستان کے خلاف ایک اور سازش بے نقاب ہو گئی، بھارتی وزیر خارجہ نے اعتراف کر لیا ہے کہ ہے بھارت کی کوششوں سے پاکستان کا نام فیٹف گرے لسٹ میں برقرار ہے۔

 

بھارتی وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ مودی سرکار کی کوششوں کی وجہ سے پاکستان سے فیٹف کے ریڈار پر آیا اور اب ہماری انہیں کوششوں کی وجہ سے پاکستان ابھی تک فیٹف کی گرے لسٹ میں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مودی سرکار چین کے کسی دباؤ کے آگے بھی نہیں جھکے گی۔

خیال رہے کہ 25 جون کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کے 27 میں سے 26 نکات کے نفاذ کے بعد پاکستان کو گرے لسٹ میں باقی رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ اس بات کا تعین کیا جائے کہ ایف اے ٹی ایف فورم تکنیکی ہے یا سیاسی اس معاملے کا بھی جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان بھارت کو فیٹف لسٹ میں شامل کرنے کیلئے شواہد پیش کرے گا۔

یاد رہے کہ 24 جون کو فنانشل ایکش ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے پلانیری اجلاس میں پاکستان کو مزید گرے لسٹ میں رکھتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسے مزید مانیٹرنگ کا حصہ رکھا جائے گا۔

 

ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ایف اے ٹی ایف کے صدر مارکس پلیا نے کہا تھا کہ پاکستان نے 27 میں سے 26 سفارشات کی تکمیل کر لی ہے لیکن اب بھی پاکستان کو دہشت گردوں کو دی جانے والی سزاؤں اور قانونی چارہ جوئی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

 

ایف اے ٹی ایف نے جہاں پاکستان کو ملک میں قانونی نظام بہتر کرنے پر سراہا وہیں انھوں نے ایشیا پیسیفک گروپ کی رپورٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ 2019 میں ادارے نے کافی سنجیدہ طرز کے مسائل کی نشاندہی کی تھی لیکن اس کے باوجود پاکستان عالمی سطح پر ایف اے ٹی ایف کے معیار پر پورا نہیں اتر پایا۔

 

اس وجہ سے ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو ابھی گرے لسٹ میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سے باہر نکلنے کے لیے اسے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

 

 

تبصرے بند ہیں.