جکارتا: انڈونیشیا میں رواں ماہ کورونا کی بھارتی قسم سے ہلاک ہونے والے ڈاکٹروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے، جب کہ ملک بھر کے 95 فیصد ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جولائی کے ابتدائی دو ہفتے میں کورونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ( بھارتی قسم ) نے ملک بھر میں انفیکشن کی شرح میں تیزی سے اضافہ کردیا ہے۔ انڈونیشیا کی ڈاکٹرز ایسو سی ایشن ( آئی ڈی آئی ) نے ور چوئل نیوز کانفرنس میں میڈیا کو بتایا کہ یکم جولائی سے 17 جولائی تک انڈو نیشیا کے 114 ڈاکٹر اس وبا کی وجہ سے لقمئہ اجل بن چکے ہیں، جب کہ اس وبا کے آغاز سے اب تک 545 ڈاکٹر موت سے ہم کنار ہوچکے ہیں۔
آئی ڈی آئی کے سینئر آفیشل مہیسا پرانا دیپا کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ہماری ایسوسی ایشن کو اس بات پر تحفظات لاحق ہیں کہ ہمارا طبی نظام اس مسئلے سے نمٹنے کا اہل نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ اعداد و شمار ہیں جو ہمارے پاس رپورٹ ہوئے ہیں اور جو رپورٹ نہیں ہوئے وہ الگ ہیں، ہمیں ممکنہ طور پر طبی نظام کے ڈھے جانےکا ڈر بھی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا کی چوتھی بڑی آبادی رکھنے والے ملک انڈونیشیا میں 95 فیصد ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن کے باوجود ڈاکٹروں کی اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ جب کہ حکومت کو یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ وہ ہیلتھ ورکرز کے لیے چینی سائنوویک ویکسین کے لیے موڈرنا ویکسین کو بطور بوسٹر بھی استعمال کریں۔
گزشتہ 7 دن کے ٹریک ریکارڈ کے مطابق انڈونیشیا میں کورونا کا ڈیلٹا ویریئنٹ دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اور آج تک انڈونیشیا میں 44 ہزار 721 کیسز اور 1 ہزار 93 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔ حکومت نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے شہریوں کی نقل و حرکت پر بھی سخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.