بہاولپور، اولمپین سمیع اللہ خان کے نصب مجسمے سے ہاکی اور گیند چوری

209

بہاولپور: عالمی شہرت یافتہ اولمپین سمیع اللہ خان کے نصب مجسمے سے ہاکی اور گیند چرا لی گئی۔

 

ضلعی پولیس کے مطابق دو دن قبل گیند چوری کی گئی تھی اور گزشتہ رات ہاکی کو بھی چرا لیا گیا ہے۔ بہاولپور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ایک ماہ قبل ہاکی اولمپیئن سمیع اللہ کا مجسمہ نصب کیا گیا تھا۔

 

پاکستان کے نامور ہاکی کھلاڑی سمیع اللہ 6 ستمبر 1951 کو بہاولپور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 1976 کے مانٹریال اولمپکس سے 1982 تک منعقد ہونے والے عالمی ہاکی ٹورنامنٹس کے متعدد مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ سمیع اللہ کی برق رفتاری کے باعث دنیائے ہاکی میں انہیں فلائنگ ہارس کے نام سے لکھا اور پکارا گیا۔ ان کے بھائی کلیم اللہ خان نے بھی قومی ہاکی ٹیم میں ملک کی نمائندگی کی اور بے پناہ شہرت حاصل کی۔

 

اولمپین سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اور گیند چوری کیے جانے کی اطلاع پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین شدید غم و غصے کا اظہار ک ررہے ہیں اور سوال پوچھ رہے ہیں کہ آخر بحیثیت قوم ہم کہاں جا رہے ہیں۔

 

سمیع اللہ خان کو 14 اگست 1983 کو حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا گیا تھا۔

 

تبصرے بند ہیں.