افغان سفیر کی بیٹی کا اغوا اور تشدد، بلاول نے شیخ رشید کے استعفے کا مطالبہ کردیا

174

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں تعینات افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں افغان سفیر کی صاحبزادی کے اغوا اور انھی تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر انھیں شدید تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو ناصرف کیفر کردار تک پہنچایا جائے بلکہ ناقص سیکیورٹی صورتحال پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان میں تعینات افغان سفیر کی صاحبزادی کو مبینہ طور اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، خبریں ہیں کہ یہ واقعہ 16 جولائی کو پیش آیا جس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید سمیت تمام اعلیٰ حکام کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ اس میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

گزشتہ روز وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے معاملے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ افغان سفیر کی بیٹی نے خود ٹیکسی ہائر کی تھی جبکہ دوسرے ٹیکسی ڈرائیور کو ٹریس کر لیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی نےابھی کوئی تحریری بیان نہیں دیا، ان کے بیان کے پر ہی کارروائی ہو گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے مطابق پہلی ٹیکسی میں اس پر تشدد کیا گیا تھا جبکہ دوسرے ٹیکسی ڈرائیور نے افغان سفیر کی بیٹی کی مدد کی اور ٹیکسی ڈرائیور کو افغان سفیر کی بیٹی نے 500 روپے انعام بھی دیا۔

تبصرے بند ہیں.