سابق امریکی سیکرٹری دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ انتقال کرگئے

134

واشنگٹن: امریکا کے سابق سیکرٹری دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ انتقال کر گئے ہیں، آنجہانی کی عمر 88 برس تھی، انھیں جدید فوجی وژن کا حامل شخص اور ماہر بیوروکریٹ کے طور پر جانا جاتا ہے۔

ڈونلڈ رمزفیلڈ کے اہلخانہ نے ان کے انتقال کی خبروں کی تصدیق کی ہے۔ ان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے آخری سانسیں نیو میکسیکو کے علاقے ٹاؤس میں لیں جہاں وہ اپنے عزیز و اقار کے ساتھ رہتے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ رمزفیلڈ کے سوگواران میں ان کی اہلیہ، 3 بچے اور 7 پوتے پوتیاں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ رمزفیلڈ کا شمار ایسے امریکی بیوروکریٹس میں ہوتا ہے جن کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا اثر پوری دنیا کو سہنا پڑا۔

آنجہانی ڈونلڈ رمزفیلڈ نے 4 سابق امریکی صدور کے دور میں کام کیا اور انتہائی اہم عہدوں پر فائز رہے۔ وہ امریکی تاریخ کے واحد ایسے افسر تھے جنہوں نے محکمہ دفاع پینٹاگون کے سربراہ کی حیثیت سے دو مرتبہ خدمات سرانجام دیں۔

پہلی مرتبہ 77-1975ء میں انھیں پینٹاگون کے سربراہ کی ذمہ داریاں سونپی گئیں جبکہ اس کے بعد میں 2001-06ء میں انہوں نے یہ عہدہ سنبھالا۔

رمزفیلڈ 1988ء میں ریپبلکن کے صدارتی امیدوار بھی بنائے گئے تھے، لیکن انھیں اس میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

عراق جنگ ڈونلڈ رمزفیلڈ کے کیریئر کا سیاہ باب تھا۔ 11 ستمبر 2001ء کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملہ کیا گیا تو امریکا نے کود کو تاریخ کی طویل ترین جنگ میں دھکیل دیا۔

رمز فیلڈ نے افغانستان پر طالبان کے خاتمے کی نگرانی کی، ان دنوں وہ ہر وقت ٹی وی پر چھائے رہتے، ان کے بیانات کو پوری دنیا میں اہمیت دی جاتی تھی۔

تبصرے بند ہیں.