لاہور دھماکے میں ملوث پورا نیٹ ورک گرفتار، ”را” اور ”این ڈی ایس” ملوث، ٹھوس شواہد مل گئے

145

لاہور: لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن دھماکے میں ملوث تمام نیٹ ورک کو 4 دن کے اندر پکڑ لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے لاہور، کراچی، جھنگ اور راولپنڈی سے ملزمان کا سراغ لگایا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کا بتانا ہے کہ دھماکے کے پیچھے بھارتی ایجنسی ’را‘ اور افغان ’این ڈی ایس‘ کا ہاتھ ہے۔

تحقیقاتی اداروں نے دھماکے کے لیے بارود سے بھری گاڑی چھوڑ کر جانے والے مبینہ دہشت گرد عید گل کو راولپنڈی سے گرفتار کیا جس کے بعد اسے لاہور منتقل کیا گیا، مبینہ دہشت گرد عیدگل کی تصویر بھی سامنے آگئی ہے۔

پیٹر پال ڈیوڈ نے دھماکے میں استعمال ہونے والی کار عید گل کو دی تھی۔پال ڈیوڈ نے یہ کار دھماکے سے 7 روز پہلے گجرانوالہ سے خریدی تھی۔دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب کھڑی کرکے عید گل فرار ہو گیا تھا۔عید گل کا تعلق ایک کالعدم تحریک سے ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جوہر ٹاؤن دھماکے میں باپ بیٹے سمیت 5 افراد جاں بحق 20 زخمی ہوئے تھے، واقعے میں ملوث پیٹرگل اور ایک خاتون سمیت 4 افراد پہلے ہی زیر حراست ہیں۔

دھماکے میں ملوث مجرموں کی گرفتاری بارے بتاتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صرف چار دن کے قلیل عرصے میں پورا نیٹ ورک گرفتار کرنے پر ہمارے سیکیورٹی ادارے تعریف کے مستحق ہیں۔ دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہمارے لئے ایک ٹیسٹ کیس تھا۔

انہوں نے یہ بات وزیر قانون راجہ بشارت اور آئی جی پنجاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرنا ہمارے لئے ایک بڑا مشکل چیلنج تھا۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ہمارے پاس ٹھوس شواہد اور ثبوت موجود ہیں کہ اس دہشتگرد حملے میں پڑوسی ملک کی خفیہ ایجنسی ملوث ہے۔

اس موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم نے پورے نیٹ ورک کا پتا لگا لیا تھا، صرف ان کی گرفتاری باقی تھی۔ ہم نے دھماکے کے بعد فوری طور پر جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کئے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد میں خاتون اور مرد سہولت کار بھی شامل ہیں۔ واقعہ کے ماسٹر مائنڈ کی شناخت بھی مکمل ہو چکی ہے۔

تبصرے بند ہیں.